حج کیلئے سرکاری حج سکیم کی تمام مختص نشستوں کا صرف سات روز کے اندر مکمل ہونا عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے ، ترجمان

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2027 کے لیے سرکاری حج سکیم کی تمام مختص نشستوں کا صرف سات روز کے اندر مکمل ہونا عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2027 کے لیے سرکاری حج سکیم کی تمام مختص نشستوں کا صرف سات روز کے اندر مکمل ہونا عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق 20 تا 25 روزہ مختصر حج پیکیج کی نشستیں واجبات کی وصولی شروع ہونے کے پہلے ہی 24 گھنٹوں کے دوران مکمل ہو گئی تھیں جبکہ لانگ حج پیکیج کی باقی نشستیں بھی 25 اگست کو دوپہر 12 بجے مکمل ہو گئی تھیں۔وزارت مذہبی امور نےحج 2027 کے لیے سرکاری حج سکیم کے تحت واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع کیا تھا۔ وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری حج سکیم کی نشستیں چند ہی روز میں مکمل ہونا عازمین حج کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے جبکہ مختصر مدت میں سرکاری حج کوٹہ مکمل ہونا وزارت مذہبی امور پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی بھی عکاسی کرتا ہے۔حج 2027 کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم نے بکنگ اور واجبات کی ادائیگی کے پورے عمل کو آسان، تیز رفتار اور موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے حج سے متعلق مختلف مراحل مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی جس کے باعث حج درخواستوں اور واجبات کی وصولی کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم، شفاف اور تیز رفتار رہا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو حج پیکیج کے انتخاب، واجبات کی ادائیگی اور دیگر ضروری مراحل کی تکمیل میں سہولت میسر آئی جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ حج بکنگ کے عمل میں شفافیت اور سہولت بھی یقینی بنائی گئی۔وزارت کے ترجمان نے کہا کہ سرکاری حج سکیم کی تمام نشستوں کا ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔ حج انتظامات کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں کامیابی سے جاری ہے۔دوسری جانب حج 2027 کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کا عمل بھی حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے اور پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ مقررہ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج سے متعلق تمام معاملات کے لیے سرکاری طور پر فراہم کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کریں۔حکام کے مطابق حج آپریشن کو مکمل ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کا بنیادی مقصد عازمین کو گھر بیٹھے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا، انتظامی امور کو شفاف بنانا اور حج سے متعلق مختلف مراحل کو تیز، آسان اور موثر بنانا ہے جس کے مثبت نتائج حج 2027 کی بکنگ کے ابتدائی مرحلے میں ہی نمایاں ہو گئے ہیں۔