عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے، صدرِ مملکت کا عید الفطر پر پیغام

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی خوشیوں بھری ساعتوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے۔ صدرِ مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی خوشیوں بھری ساعتوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے۔ صدرِ مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی زندگی کا آغاز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے ” اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے تاکہ تم میں تقویٰ پیدا ہو“۔ انہوں نے کہا کہ عید کا اصل پیغام تقویٰ، خود احتسابی اور اخلاقی طہارت ہے۔ رسول اکرم نے فرمایا ”جو شخص ایمان اور ثواب کی خاطر روزہ رکھتا ہے، اس کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیئے جائیں گے“۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ رمضان المبارک میں حاصل کی گئی تربیت کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ صبر، برداشت، ہمدردی، عدل اور اخوت وہ اقدار ہیں جو نہ صرف ایک مثالی فرد بلکہ ایک مضبوط اور متحد قوم کی بنیاد بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا دن باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے، یہ ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری کو مضبوط کریں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ خطے میں آئی مصیبتوں کا ایسے مقابلہ کریں کہ مسلم امّہ کا اتحاد قائم رہے اور دنیا بھر میں امن قائم ہو۔ صدرِ مملکت کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہماری عبادات کو قبول فرمائے، پاکستان کو امن و سلامتی اور استحکام سے نوازے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!