عیدالفطر صرف خوشی کا تہوار نہیں، بلکہ ماہ رمضان کی روحانی تربیت، اخلاقی تطہیر اور اجتماعی شعور کا عظیم پیغام ہے، پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عیدالفطر صرف خوشی کا تہوار نہیں، بلکہ رمضان المبارک کی روحانی تربیت، اخلاقی تطہیر اور اجتماعی شعور کا عظیم پیغام ہے، یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مضبوط قومیں صرف وسائل سے نہیں، بلکہ صبر، نظم، ایثار، شکر اور باہمی احترام سے تعمیر ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عیدالفطر صرف خوشی کا تہوار نہیں، بلکہ رمضان المبارک کی روحانی تربیت، اخلاقی تطہیر اور اجتماعی شعور کا عظیم پیغام ہے، یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مضبوط قومیں صرف وسائل سے نہیں، بلکہ صبر، نظم، ایثار، شکر اور باہمی احترام سے تعمیر ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے عید کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے عزیز ہم وطنو،آپ سب کو عیدالفطر کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کے ان نازک حالات میں، جب دنیا بے یقینی، تقسیم اور اضطراب کا شکار ہے، عیدالفطر ہمیں اخوت، ہمدردی، برداشت اور امید کا راستہ دکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے دلوں سے نفرت، تفرقہ اور مایوسی کو نکال کر اتحاد، محبت اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔

اس مبارک موقع پر ہم اپنے اُن بہادر شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہم ان کے اہلِ خانہ کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے اس عید پر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو ایک پُرامن، مضبوط، متحد اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہماری عبادات قبول فرمائے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اور پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے ۔