اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار صبر، ہمدردی اور عبادت کے مہینے رمضان المبارک کے اختتام پر خوشیوں، یکجہتی اور شکرگزاری کا پیغام لے کر آتا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عیدالفطر ملک کے متنوع ثقافتی رنگوں کے باوجود قومی یکجہتی …
عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ احسان اور مواخات جیسی اسلامی اقدار کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت کا پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار صبر، ہمدردی اور عبادت کے مہینے رمضان المبارک کے اختتام پر خوشیوں، یکجہتی اور شکرگزاری کا پیغام لے کر آتا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عیدالفطر ملک کے متنوع ثقافتی رنگوں کے باوجود قومی یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں سے لے کر پنجاب کے زرخیز میدانوں، سندھ کے روحانی مراکز اور بلوچستان کے ساحلی خطوں تک، پوری قوم اس دن ایک ہی جذبے کے تحت متحد نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کی روایات، جیسے عیدی کا تبادلہ، علاقائی کھانوں کی تقسیم اور مقامی دستکاریوں کا استعمال، پاکستان کی ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ ہماری ثقافتی وراثت ہی وہ مضبوط رشتہ ہے جو چاروں صوبوں کو ایک لڑی میں پروئے رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار، بالخصوص احسان اور مواخات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ حقیقی خوشی دوسروں کو سہارا دینے اور ان کی مدد کرنے میں مضمر ہے۔انہوں نے اس موقع پر مسلح افواج اور سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی خوشیاں ان بہادر جوانوں کی بدولت ممکن ہیں جو سرحدوں اور اندرون ملک اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ملک کے امن و استحکام کی بنیاد ہیں۔اورنگزیب خان کھچی نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید کے موقع پر اپنی ثقافتی روایات کو اپنائیں، مقامی زبانوں کو فروغ دیں اور نئی نسل کو اپنی تاریخ و روایات سے آگاہ کریں۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اپنے تہنیتی پیغام کے آخر میں دعا کی کہ یہ عید ملک میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کا پیغام لے کر آئے۔








