عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اور مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے، عید کا تہوار اہل خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔عیدالفطر کے موقع پر …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اور مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے، عید کا تہوار اہل خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوشی کے اس پُرمسرت موقع پر ہمیں مستحق اور نادار افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے اور دل کھول کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں کفایت شعاری کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون اور ملک میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہر پاکستانی کو سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے نتیجے میں شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں و مسلح افواج کے جوانوں کے لیے دعاگو ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے مکمل اجتناب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت، رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ پیش آئیں تاکہ معاشرتی ہم آہنگی قائم رہے اور ملک میں امن و سکون کی فضا فروغ پائے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید کے موقع پر فلسطین اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی عوام کی آزادی کی جدو جہد کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں جاری تنازعات کے پرامن حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے سمیت دنیا بھر میں مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ عید الفطر کا بابرکت موقع ہر پاکستانی کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے، اللّٰہ تعالیٰ ہمارے ملک اور قوم کو ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے محفوظ رکھے، مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد، یگانگت اور مشترکہ حکمت عملی عطا فرمائے اور ہمیں بھائی چارے، محبت اور رواداری کے ساتھ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ عید الفطر کے بابرکت موقع پر قوم و امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عید کا تہوار محبت، ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید ہمیں اہل خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کی ترغیب دیتی ہے اور اس موقع پر ہمیں مستحق افراد کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے۔ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ موجودہ اقتصادی حالات میں ہم سب کو اپنی ذاتی زندگی میں کفایت شعاری اختیار کرنی چاہیے اور ہر شہری کو ملک کی ترقی، امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے پر سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور مسلح افواج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفٰی شاہ نے اللّٰہ تعالی سے دعا کی کہ یہ بابرکت عید ہر پاکستانی کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور یگانگت کو مضبوط کرے۔