اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):عید الفطر کے پہلے روز وفاقی دارالحکومت کے پارکس میں شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ فیملی پارکس خصوصاً لیک ویو پارک، دامنِ کوہ اور شکرپڑیاں نیشنل پارک میں شہریوں کی تفریح کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف پارکس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دوروں کے دوران اسسٹنٹ …
عید الفطر پہلا روز، وفاقی دارالحکومت کے پارکس میں شہریوں کا غیر معمولی رش

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):عید الفطر کے پہلے روز وفاقی دارالحکومت کے پارکس میں شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ فیملی پارکس خصوصاً لیک ویو پارک، دامنِ کوہ اور شکرپڑیاں نیشنل پارک میں شہریوں کی تفریح کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف پارکس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دوروں کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے عید بھی ملی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ شاہراہوں پر منچلوں کی ہلڑبازی روکنے کے لیے خصوصی حکمت عملی بھی اپنائی جا رہی ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز نے پارکس کے ساتھ ساتھ دیگر عوامی مقامات کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ عید کے موقع پر شہریوں کو آسان اور محفوظ تفریح کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔مزید برآں، ڈی سی اسلام آباد نے فیملی پارکس میں “صرف فیملی” پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ فیملیز کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔








