"عید میلاد النبیؐ کے موقع پر راولپنڈی کینٹ، شہر اور ملحقہ تحصیلوں میں فول پروف سکیورٹی اور امن و امان کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔”
عید میلاد النبیؐ پر انتہا پسندی، فرقہ واریت سے متعلق سوشل میڈیا کی سائبر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا فیصلہ

مزید خبریں
راولپنڈی ۔20اگست (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر راولپنڈی کینٹ، شہر اور ملحقہ تحصیلوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جلوسوں، محافل میلاد اور مذہبی اجتماعات کے دوران سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ انتہا پسندی، فرقہ واریت اور امنِ عامہ کے خلاف قابل اعتراض مواد کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا کی سائبر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت پنجاب عید میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منائے گی۔ راولپنڈی کینٹ و شہر سمیت ملحقہ تحصیلوں میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مربوط بنایا جائے گا جبکہ حساس مقامات اور جلوسوں کے روٹس کی نگرانی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت اور امنِ عامہ کے خلاف کسی بھی قسم کے مواد کی تشہیر یا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مؤثر سائبر مانیٹرنگ کی جائے۔ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی نشاندہی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود قابل اعتراض مواد کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ حکام کے مطابق عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور امن و امان متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔








