غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں بلڈ ڈونرز کلب اور سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام، بلڈ بینک علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے آٹھویں ایک روزہ بلڈ ڈونیشن و بلڈ گروپنگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا
غازی یونیورسٹی میں آٹھواں بلڈ ڈونیشن و بلڈ گروپنگ کیمپ کا انعقاد، طلباء و طالبات کا بھرپور عطیہ

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں بلڈ ڈونرز کلب اور سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام، بلڈ بینک علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے آٹھویں ایک روزہ بلڈ ڈونیشن و بلڈ گروپنگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان غازی یونیورسٹی کے مطابق کیمپ کے دوران طلباء و طالبات کے بلڈ گروپس کی سکریننگ کی گئی جبکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں سمیت یتیم اور مستحق مریضوں کے لیے خون کے عطیات بھی جمع کیے گئے۔ طلباء و طالبات نے بھرپور جذبے کے ساتھ خون عطیہ کیا۔اس موقع پر ایم ایس علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر محمد ظفر اقبال، ڈاکٹر محمد سعید گوپانگ اور ڈاکٹر اویس احمد چنگوانی نے کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد ابراہیم اور پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری نے مہمانوں کو کیمپ کے انتظامات اور سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس حوالے سے طبی ماہرین نے بلڈ ٹیسٹنگ کے انتظامات، خصوصاً طالبات کے لیے الگ اور محفوظ خون عطیہ کرنے کی سہولت کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد ابراہیم نے کہا کہ طلباء و طالبات کی جانب سے خون کا عطیہ تھیلیسیمیا اور دیگر مستحق مریضوں کے لیے امیدِ زندگی ہے جبکہ نوجوانوں میں خون عطیہ کرنے کا جذبہ معاشرے میں انسانی خدمت کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔







