ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے وحدت کالونی میں عبداللہ خان سنبل کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کر دیا

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے وحدت کالونی میں عبداللہ خان سنبل کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کر دیا

لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے وحدت کالونی میں عبداللہ خان سنبل کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کر دیا۔ تزئین و آرائش کے بعد گرائونڈ میں کھیلوں کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔گرائونڈ میں دو نئی انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ پچز تیار کی گئی ہیں جبکہ کرکٹ کی پریکٹس کے لیے تین نئی پریکٹس پچز نیٹس کے ساتھ بھی بنائی گئی ہیں۔ سٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور شہریوں کے لیے بیڈمنٹن کورٹ اور واکنگ ٹریک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔گرائونڈ کی بائونڈری وال کی مرمت اور تزئین و آرائش کے ساتھ گرائونڈ کا لیول بھی برابر کیا گیا ہے،جہاں گھاس موجود نہیں تھی وہاں نئی گھاس لگائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ وحدت کالونی کے مین گیٹ کی بھی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔افتتاح کے موقع پر افتخار علی سہو نے گرائونڈ کی بانڈری وال کو مزید اونچا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گرائونڈ میں موجود گھاس کی باقاعدہ کٹنگ اور پانی کی فراہمی کا موثر انتظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے گرائونڈ کی آئوٹ فیلڈ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم کو کلب لیول سے فرسٹ کلاس لیول پر لایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گرائونڈ کو مکمل سپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کرنے کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا جائے تاکہ یہاں کھیلوں کی مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات میسر آئیں۔