یونیورسٹی آف سرگودھا اورمحکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سرگودھا کےدرمیان چلڈرن ہومز میں بچوں کے بہتر غذائی نظام کو یقینی بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا
سرگودھا یونیورسٹی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے درمیان چلڈرن ہومز میں بچوں کے بہترغذائی نظام کو یقینی بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا

مزید خبریں
سرگودھا۔ 30 ستمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اورمحکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سرگودھا کےدرمیان چلڈرن ہومز میں بچوں کے بہتر غذائی نظام کو یقینی بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معاہدے پر ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال شاکرہ نورین اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر میاں انجم مرتضیٰ نےدستخط کیے۔معاہدے کےتحت انسٹی ٹیوٹ آف فوڈسائنس اینڈنیوٹریشن بچےاور بچیوں کے چلڈرن ہومز میں بچوں کی غذائی صحت اور نشوونماء کا باقاعدگی سےجائزہ لے گا جبکہ غذائی کمی اور غذائی عدم توازن کی نشاندہی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ادارے کی جانب سے بچوں کی عمر اور غذائی ضروریات کے مطابق متوازن اور کم لاگت غذائی چارٹ مرتب کرنے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح کچن میں خوراک کی صفائی، حفظانِ صحت، ذخیرہ کرنے اور محفوظ طریقے سے خوراک تیار کرنے کے حوالے سے بھی پیشہ ورانہ رہنمائی دی جائے گی۔معاہدے کے تحت بچوں اور کچن و نگہداشت کے عملے کے لیے صحت بخش خوراک، غذائیت اور خوراک سنبھالنے کے محفوظ طریقوں سے متعلق آگاہی و تربیتی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے لیے دونوں چلڈرن ہومز میں ماہرین کی زیر نگرانی انٹرن شپ، تحقیقی و فیلڈ منصوبوں اور کمیونٹی سروس کی سرگرمیوں کی راہ بھی ہموار ہوگی۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر تسنیم کوثر، ڈاکٹر شاہد محمود اور ڈاکٹر غلام معین الدین بھی موجود تھے۔








