غذر میں گلیشیر پھٹنے سے سیلابی صورتحال ، دریا کا بہائو رک گیا، متعدد دیہات زیر آب آنے کا خطرہ ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 50 افراد کوریسکیو کر لیا گیا

گلگت۔22اگست (اے پی پی):غذر کے علاقے گوپس تالی داس میں گلیشئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق گلیشئر پھٹنے کے بعد دریا غذرکا بہاؤ رک گیا ہے جس سے مزید نقصانات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پانی جھیل کی شکل اختیار کر گیا ہے اور قریبی دیہات زیر آب آنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے لوگوں کو شدید …

گلگت۔22اگست (اے پی پی):غذر کے علاقے گوپس تالی داس میں گلیشئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق گلیشئر پھٹنے کے بعد دریا غذرکا بہاؤ رک گیا ہے جس سے مزید نقصانات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پانی جھیل کی شکل اختیار کر گیا ہے اور قریبی دیہات زیر آب آنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے لوگوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اب تک 50 سے زیادہ پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خود صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ مزید نقصان نہ ہو۔ انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی جی بی ڈی ایم اے کو گوپس تالی داس میں سیلاب میں پھنسے افراد کو فوری ریسکیو کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور افواج پاکستان سے بھی مدد طلب کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر گلگت، ڈی آئی جی گلگت، ڈپٹی کمشنر غذر ، ایس ایس پی غذر اور متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ دریائے غذر سے ملحقہ آبادیوں میں بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے نے ترکیہ وظائف 2026 کے لیے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں نئے منتخب طلبہ، ترکیہ میں زیر تعلیم رہنے والے سابق پاکستانی طلبہ اور سفارتخانے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ترکیہ وظائف حکومت جمہوریہ ترکیہ کی جانب سے بیرون ملک ترک باشندوں اور متعلقہ برادریوں کے امور کے ادارے کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں جن کے تحت بین الاقوامی طلبہ کو ترکیہ کی ممتاز جامعات میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ سال 2026ء میں پاکستان بھر سے 112 طلبہ کو ترکیہ وظائف کے لیے منتخب کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تعارفی پروگرام کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے منتخب طلبہ کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز جمہوریہ ترکیہ کے سفیر کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ترکیہ وظائف کے تعلیمی حلقے میں خوش آمدید کہا۔ سفیر نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو ترکیہ میں اپنے تعلیمی تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ترک سابق طلبہ انجمن کے صدر نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں انہیں ترکیہ میں تعلیمی زندگی اور دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعلیمی روابط کے فروغ میں سابق طلبہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں سفارتخانے کے دفتر برائے تعلیمی مشاورت کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی تعارفی نشست منعقد کی گئی جس میں پاکستان سے ترکیہ روانگی کی تیاری، ترکیہ پہنچنے کے بعد ابتدائی مراحل، جامعات میں تعلیمی و سماجی زندگی سے ہم آہنگی اور کامیاب تعلیمی سفر کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی گئی۔ پروگرام کے دوران منتخب طلبہ نے اپنا تعارف بھی کرایا اور اپنے تعلیمی پس منظر کے ساتھ ان ترک جامعات اور تعلیمی پروگراموں کے بارے میں بتایا جن میں وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔ نشست نے طلبہ کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے اور روانگی سے قبل ترکیہ وظائف کے سابق طلبہ اور دیگر اراکین سے رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ سفارتخانہ ترکیہ نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ نے ترکیہ وظائف 2026 کے تمام منتخب طلبہ کے لیے ان کی تعلیم اور مستقبل میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔