غزہ میں امداد کی مکمل اور بلا روک ٹوک فراہمی کو یقینی بنایا جائے،سعود ی عر ب

سعودی عرب کے نمائندے نےبرسلز میں دو ریاستی حل کے بارے میں ایک کانفرنس میں غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

ریاض ۔21اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے نمائندے نےبرسلز میں دو ریاستی حل کے بارے میں ایک کانفرنس میں غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق برسلز اجلاس میں 83 ملکوں اور انٹرنیشنل تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سعودی عرب کی نمائندگی ڈاکٹر منال بنت حسن رضوان نے کی۔ڈاکٹر منال رضوان نے اپنے خطاب میں کہا ’موجودہ چیلنجوں میں سے ایک نازک جنگ بندی کو پائیدار اور مستقل امن کی جانب لے جانے کا ہے۔

سلامتی اور سیاسی حل ایک دوسرے جدا نہیں کیے جاسکتے، کسی قابلِ اعتماد سیاسی افق کے بغیر کوئی بھی استحکام عارضی اور نا پائیدار ہوگا۔انہوں نے فلسطینی حکموت کے اصلاحاتی پروگرام کے لیے مملکت کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا، جو غزہ میں اس کی واپسی کا راستہ ہموار کرے گا، غزہ اور مغربی کنارے کے اتحاد کو برقرار رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ استحکام خودمختاری کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ ہتھیار ڈالنے کے مسئلے کو ایک وسیع سیاسی و ادارہ جاتی فریم ورک کے تحت حل کیا جانا چاہئے، جو قانونیت پر مبنی ہو اور جس کا حتمی مقصد فلسطینی ریاست کا قیام ہو۔