غزہ کے لیے سعودی عطیات 185 ملین ڈالر سے متجاوز

123

غزہ۔31اگست (اے پی پی):سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے کہا کہ غزہ کو دیے جانے والے عطیات کی مالیت 185 ملین ڈالر سے زیادہ تک پہنچ گئی ہے۔ایس پی اے،کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے مختلف سطحوں پر امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے اور امت مسلمہ کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے وسیع افق اور وسیع تر علاقوں میں مشترکہ اسلامی اقدامات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’سعودی عرب شاہ سلمان مرکز کی جانب سے غزہ پٹی میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی مہم کے ذریعے وہاں کے باشندوں کو امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔نائب وزیر خارجہ نے سوڈان کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے حوالے سے سعودی عرب کے پختہ موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یمن کے حوالے سے کہا کہ سعودی حکومت، یمن کے بحران کے حل اور وہاں امن کی بحالی اور سلامتی و استحکام کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔