غیرقانونی شکار کی روک تھام اور ریسکیو کی سرگرمیاں موثر انداز میں جاری

محکمہ جنگلی حیات کی صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام اور ریسکیو کی سرگرمیاں موثر انداز میں جاری ہیں

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات کی صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام اور ریسکیو کی سرگرمیاں موثر انداز میں جاری ہیں ،جس کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز نے نارووال ، ملتان ، خانیوال، وہاڑی، میانوالی، بہاولپور اور رحیم یار خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران ایک بندر کو بحفاظت ریسکیو کرنے سمیت جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار پر 9ملزمان کو گرفتار کرکے 22 بٹیر نیٹنگ گیئرز ضبط کئے، 4ملزمان کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ 5کیخلاف ایف آئی آر ز درج کروا کر قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔ تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع نارووال حنفیہ یوسف نے وائلڈلائف رینجرز کے ہمراہ کوٹلی سنیانہ کے علاقہ سے ایک بندر کو دیہی آبادی سے بحفاظت ریسکیو کرکے آزاد کردیا۔دیگر کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرمیانوالی عبداللہ بلال نے تحصیل پپلاں کے دریائی بیلہ میں ایئر گن کے ساتھ جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار میں مشغول 2شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور کیس نمٹادیا جبکہ ایک دوسری کارروائی کے دوران تحصیل میانوالی سے بٹیر کے 4 نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کیا اور اسے مبلغ 50ہزار روپے جرمانہ عائد اور کیس نمٹادیا ۔ اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز ملتان ،خانیوال اوروہاڑی نے بٹیر کے6 نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے 1کیخلاف ایف آئی آر جبکہ دیگر کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔ایک دیگر کارروائی میں خانیوال ہی میں فاختہ کے1 غیر قانونی شکاری کا تعاقب کرنے پر ملزم ایک ایئر گن اور2 ذبح شدہ فاختہ چھوڑ کر فرار ہو گیا ،ایئر گن ضبط کرلی گئی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے نیز گزشتہ روز بٹیر نیٹنگ کی پاداش میں1ملزم کو50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایسی ہی بعض کامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان نے بٹیر کے 12نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے 4ملزمان کیخلاف ایف آئی آر ز درج کرادی جبکہ بقیہ میں قانونی چار ہ جوئی شروع کردی ۔مزید برآں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر بہاولنگر نے سمگل کئے جانیوالے دو درجن بٹیر کو ان کے قدرتی ماحول میں آزاد کردیا ۔

مزید خبریں