محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رحمان سٹی تاندلیا نوالہ روڈ پر قائم ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر معیاری اور مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا۔
غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، 350 کلوگرام مضر صحت گوشت تلف، ملزم گرفتار

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 14 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رحمان سٹی تاندلیا نوالہ روڈ پر قائم ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر معیاری اور مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق مشترکہ ٹیم نے کارروائی کے دوران تقریباً 350 کلوگرام بھینس کا گوشت قبضے میں لے لیا۔ برآمد شدہ گوشت کا سینئر ویٹرنری آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر فرحان صدیق نے موقع پر تفصیلی معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کے لیے مضر، غیر معیاری اور ناقابلِ استعمال قرار دیا۔ترجمان کے مطابق عوامی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے برآمد شدہ گوشت کو فوری طور پر سرکاری تحویل میں لے کر قانون کے مطابق تلف کر دیا گیا تاکہ یہ گوشت کسی بھی صورت مارکیٹ میں فروخت نہ ہو سکے۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی سلاٹر ہاؤس چلانے والے ملزم کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے حوالے سے تھانہ رضا آباد، فیصل آباد میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ ملزم کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش گوشت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز، بیمار جانوروں کے ذبح اور مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور منظور شدہ مراکز سے گوشت خریدیں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔







