فرانس میں گرفتار لبنانی شہری کی 40 سال بعد رہائی کا فیصلہ

102
Lebanese citizens
Lebanese citizens

پیرس۔5دسمبر (اے پی پی):فرانسیسی عدالت نے لبنانی شہری جارج ابراہیم عبداللہ کے 40 سال سے زائد عرصے سے جاری قید کی سزا کو 6 دسمبر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تولوز شہر سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر سپین کی سرحد سے ملحق علاقے پیرینیس کی جیل میں قید لبنانی شہری کو اگلے جمعہ کو فرانسیسی سرزمین چھوڑنے کی اجازت دی جائے گی۔ العربیہ اردو کے مطابق فرانسیسی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ15 نومبر کو سنایا گیا تھا۔ رہائی کے وقت ان کی عمر 73 سال ہو جائے گی۔شمالی لبنان کے ضلع عکر کے قصبے قبیات میں پیدا ہونے والے جارج ابراہیم عبداللہ کو فرانسیسی حکام نے 24 اکتوبر 1984 کو امریکا کی درخواست پر گرفتار کیا تھا۔

جارج ابراہیم عبداللہ سے لبنانی، مراکش، مالٹا اور یمن کا پاسپورٹ برآمد ہو ا تھا۔ متعدد تنظیموں کی جانب سے لبنانی شہری کی رہائی کے مطالبات کےباوجود انہوں نے چالیس سال قید کی سزاکاٹی۔ ان کی رہائی کی اپیلیں کرنے والوں میں فرانسیسی لیگ فار ہیومن رائٹس، فرانسیسی یہودی یونین برائے امن، فرانسیسی۔فلسطینی یکجہتی کونسل، یروشلم سینٹر فار لیگل ایڈ اینڈ ہیومن رائٹس کے علاوہ کئی دوسری تنظیمیں بھی شامل ہیں۔ جارج ابراہیم عبداللہ نے لبنانی کمیونسٹ پارٹی اور پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے ساتھ کام کیا۔

انہوں نے لبنان میں مسلح انقلابی تنظیم کی بنیاد رکھی۔ 1970 میں جارج ابراہیم عبداللہ نے لبنانی قومی تحریک کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کی۔ وہ مزاحمت اور پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے رکن تھے۔ وہ 1978 میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں زخمی بھی ہوئے۔

جارج ابراہیم عبداللہ کی گرفتاری کے بعد ان پر 1986ء میں نئے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا جس میں غیر قانونی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں انہیں 4 سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم فرانسیسی حکام نے ان سے دوبارہ تفتیش کی اور ان الزامات پر عمر قید کی سزا سنائی۔ انہوں ا نے 1982 میں دو سفارت کاروں کو قتل کیا تھا۔

جن میں پیرس میں اسرائیلی سفارت خانے میں تعینات یاکوف بارسیمانتوف اور پیرس میں امریکی سفارت خانے میں ملٹری اتاشی کی چیثیت سے تعینات چارلس رابرٹ رے شامل تھے۔ جارج ابراہیم عبداللہ پرسٹراس برگ شہر میں قائم امریکی قونصل خانے کے عہدیدار رابرٹ ہوم پر قاتلانہ حملے کوشش کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔