فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی جدید کاری تاجروں کی سہولت اور دارالحکومت کی فوڈ سپلائی چین مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے،قائم مقام صدر آئی سی سی آئی طاہر ایوب

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی)کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ شہر کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی جدید کاری تاجروں کی سہولت اور دارالحکومت کی فوڈ سپلائی چین مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے،یہ روزانہ لاکھوں صارفین اور خوردہ فروشوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے …

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی)کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ شہر کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی جدید کاری تاجروں کی سہولت اور دارالحکومت کی فوڈ سپلائی چین مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے،یہ روزانہ لاکھوں صارفین اور خوردہ فروشوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کا تیزی سے بڑھتا تجارتی حجم فوری طور پر بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کا متقاضی ہے جس میں نئی ​​اور جدید نیلامی کی سہولیات بھی شامل ہوں۔

انہوں نے بھاری گاڑیوں اور 40 فٹ لمبے کنٹینرز کے لیے مخصوص پلیٹ فارم بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ بھیڑ کو کم اور لاجسٹک آپریشنز کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ملحقہ خالی اور زیر استعمال زمین کو مارکیٹ کی حدود میں لانے اور آکشن زون قائم کرنے کی تجویز اور جامع انسداد تجاوزات مہم چلانے پر بھی زور دیا۔طاہر ایوب نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے اپیل کی کہ وہ تجارتی عمارتوں کے اضافی منزل چارجز کو معقول بنا کر کاروبار دوست اصلاحات متعارف کرائے ۔ تجارتی ڈھانچے پر اضافی منزل کی اجازت دینے کے لیے سی ڈی اے کی اصولی منظوری کو سراہتے ہوئے انہوں نے اسے مثبت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ فی مربع فٹ چارجز بہت سے تاجروں خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ( ایس ایم ایز) کے لیے مالی طور پر ناقابل عمل ہیں،ان پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ وسیع تر شرکت اور پائیدار کاروباری توسیع کو ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے آئی سی سی آئی کے پورٹ فولیو کے ساتھ ایک میٹنگ میں وعدہ کیا تھا کہ وہ خود موقعے کا دورہ کر کے صورتحال سے آگاہی حاصل کریں گے اس لیے انہیں جلد از جلد اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔آئی سی سی آئی کے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ چیمبر عملی و ترقی پر مبنی حل تیار کرنے کے لیے سی ڈی اے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی ڈی اے ان تجاویز پر مناسب غور کرکے انٹرپرینیورشپ کو سپورٹ کرنے، تجارت کی ترقی اور وفاقی دارالحکومت کی تجارتی جدید کاری کو آگے بڑھانے کے لیے بروقت کارروائی کرے گی۔