فطرت کے تحفظ اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں،حافظ امیر محمد

ڈی ایف او وائلڈ لائف ہری پور حافظ امیر محمد نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد ماحولیات کے تحفظ،قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے

ہری پور۔ 05 جون (اے پی پی):ڈی ایف او وائلڈ لائف ہری پور حافظ امیر محمد نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد ماحولیات کے تحفظ،قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات،آبی وسائل اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ درختوں کی شجرکاری،جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ،آلودگی میں کمی اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔حافظ امیر محمد نے کہا کہ صاف ماحول،محفوظ جنگلات اور محفوظ جنگلی حیات ایک پائیدار اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے زمین کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔