مقبوضہ بیت المقدس۔11اکتوبر (اے پی پی):فلسطین نے اسرائیل پرغزہ کے شمالی علاقہ الکرامہ میں فاسفورس بم استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی وڈیو جاری کی ہے۔
روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت سفید فاسفورس گولہ بارود کے استعمال پر سختی سے پابندی ہے۔ اقوام متحدہ کے1980 کے بعض روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے مطابق اس گولہ بارود کو گنجان آبادی والے علاقوں میں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ان سے شہریوں کو خطرات لاحق ہو تے ہیں۔
فلسطین کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روزسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر شیئر کی گئی وڈیو کے ساتھ الزام عائد کیا کہ اسرائیل غزہ کے شمال میں الکرامہ علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ممنوع سفید فاسفورس کا استعمال کر رہا ہے۔ وڈیو میں عمارتوں کے قریب بڑی تعداد میں چھوٹی اشیاء جلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں اورسفید دھواں دکھائی دے رہاہے۔
سفید فاسفورس والا گولہ بارود انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔واضح رہے کہ سفید فاسفورس ہوا میں موجود آکسیجن کے ساتھ مل کر جل اٹھتی ہے اس اس وقت اس کادرجہ حرارت 800 سے 2500 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔