رام اللہ۔18نومبر (اے پی پی):فلسطینی ایوان صدر نے شمالی اور وسطی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ کواس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ شنہوا کے مطابق فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل مسلسل امریکی فوجی، مالی اور سیاسی مدد کو فلسطینی شہریوں کو مارنے کے لئے استعمال کرتا ہے جس میں درجنوں بچوں اور خواتین کی جانیں جاتی ہیں۔
انہوں نے امریکی انتظامیہ کو غزہ میں خونی جارحیت کے تسلسل کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جس کے نتیجے میں اسرائیل کو سزا سے بچنے اور بین الاقوامی قانونی فیصلوں کی خلاف ورزی کے لیے سیاسی تحفظ فراہم کیا گیا ۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی مسلسل بے گھری اور فاقہ کشی کا ذمہ دار عالمی برادری کو ٹھہرایا۔
وزارت خارجہ نے گزشتہ روز پریس بیان میں اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور احکامات پر عمل درآمد کے لیے مجبور کرنے کے لیے فوری بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ غزہ میں صحت کے حکام نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 846 ہو گئی ہے۔