اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):لوک ورثہ اسلام آباد میں پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی، تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون متلوباخون امونزود، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، تاجک سفیر، حکومتی و سفارتی شخصیات، فنکاروں اور ثقافت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاک-تاجک …
فن، موسیقی اور روایات کے تبادلے سے اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے ، اورنگزیب کھچی کا پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک سے خطاب
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):لوک ورثہ اسلام آباد میں پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی، تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون متلوباخون امونزود، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، تاجک سفیر، حکومتی و سفارتی شخصیات، فنکاروں اور ثقافت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول دونوں برادر ممالک کی گہری دوستی اور تاریخی و ثقافتی رشتوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سفارت کاری خطے میں امن، ہم آہنگی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فن، موسیقی اور روایات کے تبادلے سے اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے اور یہ فیسٹیول نئی نسل کے لیے ایک مثبت اور تعمیری پیغام ہے۔اپنے خطاب میں تاجک وزیر ثقافت نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان صرف جغرافیائی طور پر قریب نہیں بلکہ صدیوں پر محیط روحانی، لسانی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اعلیٰ قیادت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے تحت مسلسل فروغ پا رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون سٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط مثال ہے۔انہوں نے پاکستان کے تاریخی مقامات، لسانی تنوع اور ادبی ورثے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجک اور اردو شاعری ایک ہی فکری سرچشمے سے جڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی دن محض تقریبات نہیں بلکہ امن، دوستی اور باہمی احترام کا پیغام ہیں۔وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور تاجکستان کی ثقافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافتی پروگرامز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر وفاقی وزیر ثقافت اور تاجک سفیر کو مبارکباد دی۔تقریب کے اختتام پر لوک موسیقی، رقص اور ثقافتی مظاہروں نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ پاک-تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔









