فوادچوہدری کےخلاف آئین وقانون کے تحت مقدمہ درج کیاگیا،انصاف کےتقاضے پورےہوں گے،عمران خان نے ملک کےساتھ کھلواڑ کیاہے، معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑکی پریس کانفرنس

فواد چوہدری کے خلاف آئین وقانون کے تحت مقدمہ درج کیاگیا،انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،عمران خان نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیاہے،معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف آئین وقانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ،اس حوالے سے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے ، عمران خان نے اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیاہے ، ٹیریان جے وائٹ کیس میں عمران خان کی نااہلی بنتی ہے ،سائفر کیس میں قید بنتی ہے ،فواد چوہدری کے ساتھ کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں مسلم لیگی رہنما عابد شیر علی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب سیکرٹری الیکشن کمیشن کو درخواست موصول ہوئی کہ فواد چوہدری نے نہ صرف الیکشن کمیشن کے حوالے سے تضحیک آمیز گفتگو کی ہے بلکہ الیکشن کمیشن کے چیف ، افسران اور دیگر ممبران کے بارے میں کہاکہ ان کے خاندانوں سے حساب لیں گے جوکہ آئین و قانون کے مطابق سنگین جرم ہے کیونکہ ایک آئینی حیثیت رکھنے والے آئینی ادارے کے بارے میں یہ الفاظ استعمال کیے گئے ۔لاہور کی مقامی عدالت نے ٹرانزٹ ریمانڈ دیاہے ،نہال ہاشمی بھی اسی طرح کے الفاظ کی پاداش میں چھ ماہ کی سزا بھگت چکے ہیں ، انہیں سینیٹ کی سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑا تھا ۔اس لیے انصاف کا معیار دہرا نہیں ہو سکتا ۔اگر نہال ہاشمی کے لیے یہ سزا تھی تو ابھی تو فواد چوہدری کے خلاف صرف پرچہ درج ہوا ہے ،فواد چوہدری کے خلاف پرچہ مکمل آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت درج ہوا ہے ۔

عطاءتارڑ نے کہاکہ توشہ خانہ کیس چل رہاہے ،فارن فنڈنگ کاکیس چل رہاہے ،گذارش یہ ہے کہ آئین و قانون کا ایک طریقہ کار ہے ۔اگر ایک منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیجا ہے تو دوسرے کو بیٹی چھپانے پر گھر بھیجنا ہوگا ، آئین کے ساتھ کھلواڑ نہیں چلے گا ۔اگر آج یہ تھریٹس نہ روکے گئے تو گلی گلی تھریٹ ہوگا ،الیکشن کمیشن سے ہمیں بھی گلے رہتے ہیں لیکن یہ طریقہ کار درست نہیں ہے ۔اگر آپ لوگوں کو محسن نقوی کی تعیناتی پر غم و غصہ ہے تو حکومت تو آپ نے خود ختم کی ہے ۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہاکہ فواد چوہدری نے ایک آئینی ادارے کو دھمکی دی ہے جس پر ان کے خلاف آئین و قانون کے مطابق پرچہ درج کیاگیاہے ،فواد چوہدری نے جس آئینی ادارے کے سربراہ کو اس کے افسران کو اور ممبران کو اور ان کے خاندانوں کو دھمکیاں دی ہیں ان سے غیر مشروط معافی مانگنی ہوگی ۔فواد چوہدری کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو ہر ملزم کے ساتھ ہوتا ہے ،ایک متھ بن گئی ہے کہ تحریک انصاف والے جیل نہیں جائیں گے ۔کیوں نہیں جائیں گے ؟۔انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔