فوسپاہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹیشن میڈیسن کے سینئر ڈاکٹر پر کام کی جگہ پر ہراسگی اور صنفی امتیاز ثابت ہونے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی (فوسپاہ) نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹیشن میڈیسن (نرم) اسلام آباد کے ایک سینئر ڈاکٹر پر کام کی جگہ پر ہراسگی اور صنفی امتیاز ثابت ہونے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ترجمان کے مطابق شکایت کی جانچ، گواہوں کے بیانات اور دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر مظہر حسین (ڈائریکٹر ٹیکنیکل، این …

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی (فوسپاہ) نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹیشن میڈیسن (نرم) اسلام آباد کے ایک سینئر ڈاکٹر پر کام کی جگہ پر ہراسگی اور صنفی امتیاز ثابت ہونے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ترجمان کے مطابق شکایت کی جانچ، گواہوں کے بیانات اور دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر مظہر حسین (ڈائریکٹر ٹیکنیکل، این آئی آر ایم) نے ایسے رویے اختیار کئے جو ہراسگی میں شمار ہوتے ہیں،

ان میں شکایت کنندہ کی منظور شدہ چھٹیوں میں رکاوٹ ڈالنا، کارکردگی پوائنٹس (کے پی آئی) میں بلاوجہ کٹوتی کرنا اور انتقامی کارروائیاں شامل ہیں جس سے کام کا ماحول خراب اور نا خوشگوار ہو گیا۔وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے ڈاکٹر مظہر پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جس میں سے آدھی رقم متاثرہ خاتون کو ہرجانے کے طور پر دی جائے گی۔ساتھ ہی یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر مظہر کو ایسے عہدے پر بھیجا جائے جہاں ان کے پاس انتظامی اختیارات نہ ہوں تاکہ وہ آئندہ اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہ کر سکیں اور کام کی جگہ سب کے لئے محفوظ رہے۔یہ فیصلہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ فوسپاہ کا مقصد ملک بھر میں ملازمین کے لئے باعزت، محفوظ اور ہراسگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔

 

مزید خبریں