دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور آسٹریا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جے کے شیڈول میچ میں سٹار فٹ بالر لیونل میسی کی نظریں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا گول سکورنگ ریکارڈ توڑنے پر لگی ہوئی ہیں۔
فٹ بال ورلڈ کپ، لیونل میسی آسٹریا کے خلاف میچ میں میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

مزید خبریں
ڈلاس۔22جون (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور آسٹریا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جے کے شیڈول میچ میں سٹار فٹ بالر لیونل میسی کی نظریں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا گول سکورنگ ریکارڈ توڑنے پر لگی ہوئی ہیں۔ شنہوا کے مطابق 39 سال کے ہونے والے ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے میگا ایونٹ کے گروپ جے کے الجزائر کے خلاف پہلے میچ میں 0-3 سے فتح کے دوران شاندار ہیٹ ٹرک کر کے جرمنی کے میروسلاو کلوز کا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 16 گولز کرنے کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا تھا، اور اب وہ ایک اور گول کر کے اس ریکارڈ کو تنہا اپنے نام کر لیں گے۔ ہیمسٹرنگ کی انجری اور والد کی علالت کی وجہ سے ذاتی مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود لیونل میسی کی میدان میں موجودگی ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہوئی ہے، جس کا اعتراف مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر نے بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم آسٹریا کے خلاف میچ جیت کر ناک آئوٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہے، اور اگر دوسرے میچ میں اردن کی ٹیم الجزائر کو ہرانے میں ناکام رہی تو ارجنٹائن کی گروپ جے میں پہلی پوزیشن بھی یقینی ہو جائے گی۔








