فٹ بال ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھی انگلش کوچ تھامس ٹوخل کے حوصلے بلند، فیصلوں پر تنقید کا سامنا کرنے کے لیے تیار

انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے منیجر تھامس ٹوخل کا کہنا ہے کہ ہماری ایک گول کی برتری کے باوجود ارجنٹائن کی کھونے کے لیے کچھ نہیں والی جارحانہ حکمت عملی فیصلہ کن ثابت ہوئی جس کی بدولت دفاعی چیمپئن نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی۔

اٹلانٹا۔16جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے منیجر تھامس ٹوخل کا کہنا ہے کہ ہماری ایک گول کی برتری کے باوجود ارجنٹائن کی کھونے کے لیے کچھ نہیں والی جارحانہ حکمت عملی فیصلہ کن ثابت ہوئی جس کی بدولت دفاعی چیمپئن نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی۔ شنہوا کے مطابق میچ میں انتھونی گورڈن نے انگلینڈ کو برتری دلائی تھی لیکن 85 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز نے ایک گول کر کے مقابلہ 1-1سے برابر کر دیا اور پھر لاؤتارو مارٹنیز نے انجری ٹائم میں گول کر کے ارجنٹائن کو فائنل میں پہنچا دیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے تھامس ٹوخل نے کہا کہ ہم نے برتری حاصل کی جو کہ ہمارے کھیل کے لحاظ سے درست تھی لیکن بدقسمتی سے اس گول کے بعد کھیل کا پورا رخ ہی بدل گیا، ارجنٹائن نے زیادہ خطرہ مول لے کر تیز رفتاری سے کھیلنا شروع کیا کیونکہ ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں تھا اور اسی چیز نے انہیں دباؤ سے آزاد کر دیا۔تھامس ٹوخل نے تسلیم کیا کہ انگلینڈ کی شکست کی بڑی وجہ ارجنٹائن کے دباؤ کا مقابلہ نہ کر پانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت زیادہ دفاعی پوزیشن میں چلے گئے، ہمیں کراسز کو روکنے اور گیند کا کنٹرول حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ہم کھیل پر دوبارہ گرفت مضبوط نہ کر سکے اور حریف ٹیم نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جرمن کوچ نے میچ کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 55 منٹ تک کھیل ہمارے کنٹرول میں تھا اور ہم برتری کے حقدار تھے لیکن آخری آدھے گھنٹے میں ارجنٹائن نے کھیل پر غلبہ حاصل کر لیا۔ میچ کے آخری لمحات میں دفاعی تبدیلیاں کرنے کے فیصلے پر تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ ہارتے ہیں تو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے اور میں اپنے فیصلوں کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔ انگلش ٹیم اب ہفتے کو میامی میں فرانس کے خلاف تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں حصہ لے گی جبکہ ٹوخل نے عزم ظاہر کیا کہ وہ 2028 تک اپنے معاہدے کے مطابق انگلینڈ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔