فیفا ورلڈ کپ2026 کے ٹکٹوں کی طلب نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے

جنیوا۔30دسمبر (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے اب تک 15 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ٹکٹوں کی طلب کا نیا ریکارڈ ہے، حالانکہ رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔شنہوا کے مطابق 11 دسمبر کو ٹکٹوں کے رینڈم سلیکشن مرحلے کے آغاز کے بعد …

جنیوا۔30دسمبر (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے اب تک 15 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ٹکٹوں کی طلب کا نیا ریکارڈ ہے، حالانکہ رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔شنہوا کے مطابق 11 دسمبر کو ٹکٹوں کے رینڈم سلیکشن مرحلے کے آغاز کے بعد 200 سے زائد ممالک اور خطوں کے شائقین نے FIFA.com/tickets پر درخواستیں جمع کرائیں۔

یہ مرحلہ 13 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔فیفا نے بتایا کہ تصدیق شدہ کریڈٹ کارڈ نمبرز کی بنیاد پر دیکھا جائے تو 2026 ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی طلب دستیاب ٹکٹوں سے 30 گنا زیادہ ہے۔ مزید یہ کہ موجودہ طلب 1930 سے اب تک کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تمام 22 ایڈیشنز کے 964 میچز میں شریک ہونے والے مجموعی شائقین کی تعداد سے 3.4 گنا زیادہ ہے۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس موقع پر کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کرہ ارض کا سب سے عظیم اور جامع ایونٹ بننے جا رہا ہے۔

شائقین کی جانب سے ملنے والا یہ غیرمعمولی ردعمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فٹبال کو دنیا بھر میں کس قدر محبت حاصل ہے۔ ہم شمالی امریکا میں تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، جہاں دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ قریب لا کر اتحاد اور فٹبال کے بہترین کھیل کا جشن منایا جائے گا۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026کا آغاز 11 جون کو ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ یہ میگا ایونٹ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے 16 شہروں میں منعقد ہوگا۔ پہلی بار ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔