فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لاہور گیریژن کا دورہ، فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں اضافے بارے اہم اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی

راولپنڈی۔8جنوری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے لاہور گیریژن کا دورہ کیاجہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز …

راولپنڈی۔8جنوری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے لاہور گیریژن کا دورہ کیاجہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس موقع پر ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مشق مستقبل کے متحرک میدانِ جنگ سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پاک فوج کی جدت اور موافقت پر مبنی حکمتِ عملی کی عکاس تھی۔

انہوں نے فوجی جوانوں کے لیے فراہم کردہ کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جسمانی فٹنس، حوصلے اور مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور جدید سہولیات سے آراستہ اس معیاری طبی مرکز کے قیام پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ پیشہ ورانہ مہارت، یکسوئی اور عزم کے ساتھ ہمہ جہت چیلنجز کا مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے پاک فوج کے بنیادی مشن کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور ساتھ ہی اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔اس سے قبل لاہور گیریژن آمد پر کور کمانڈر لاہور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔