فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ایف-14 اور ایف-15 میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے ذیلی ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ایف-14 اور ایف-15 میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ پیر کو افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) محمد محمود، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل اور …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے ذیلی ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ایف-14 اور ایف-15 میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

پیر کو افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) محمد محمود، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل اور ملک ابرار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے،انہوں نے منصوبے کے آغاز کے موقع پر پودا بھی لگایا۔حکام کے مطابق معاہدے کے تحت نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن دونوں سیکٹرز میں ترقیاتی کام مکمل کرے گی۔

یہ منصوبے 2015 میں شروع کئے گئے تھے تاہم انتظامی اور قانونی مسائل کے باعث تعطل کا شکار رہے۔ اب قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد ترقیاتی سرگرمیوں کو نئی رفتار کے ساتھ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ایف-14 اور ایف-15 میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار رہائشی پلاٹس شامل ہیں جو 10 ہزار 875 کنال رقبے پر محیط ہیں۔

حکام کے مطابق یہ سیکٹرز اسلام آباد کے اہم اور موزوں مقام پر واقع ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اتھارٹی کے زیر انتظام ہاؤسنگ منصوبے بتدریج درست سمت میں گامزن ہو رہے ہیں اور متاثرین کو جائز معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے منصوبوں کی شفاف، مؤثر اور بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے الاٹیز پر زور دیا کہ وہ اقساط کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ تعمیراتی عمل میں رکاوٹ نہ آئے۔وفاقی وزیر نے قانونی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے طویل عرصے سے درپیش قانونی پیچیدگیاں حل ہوئیں۔

اس موقع پر ڈی جی ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے کمانڈر انجینئر بریگیڈیئر محمد سلمان ملک نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے یقین دلایا کہ زمین مالکان، الاٹیز، کنٹریکٹرز اور اتھارٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔