قائد اعظم لائبریری کوئٹہ کو پاکستان کی مثالی اور جدید لائبریری بنائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم لائبریری کوئٹہ کے طلبہ کی دہائی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے تفصیلی ملاقات کی، ان کے مسائل، تجاویز اور ضروریات بغور سنیں اور موقع پر ہی متعدد اہم فیصلے کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم لائبریری کوئٹہ کے طلبہ کی دہائی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے تفصیلی ملاقات کی، ان کے مسائل، تجاویز اور ضروریات بغور سنیں اور موقع پر ہی متعدد اہم فیصلے کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نےقائد اعظم لائبریری کوئٹہ کو پاکستان کی مثالی اور جدید لائبریری بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے اندر اس ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لائبریری میں جدید ڈیجیٹل لیب قائم کی جائے، مختلف شعبوں سے متعلق نئے ایڈیشن کی معیاری کتابیں فراہم کی جائیں، جبکہ کولنگ سسٹم اور سولر سسٹم کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی اور مطالعاتی ماحول میسر آ سکے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو اپنی ترقیاتی پالیسیوں کا محور سمجھتی ہے اور ان کی آراء، تجاویز اور مسائل کو براہ راست سننا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان اعتماد اور روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایک بااعتماد، باصلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم، تحقیق، مطالعہ اور جدید علوم تک رسائی نوجوانوں کا بنیادی حق ہے، جس کی فراہمی کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان بھر میں تعلیمی اداروں اور لائبریریوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور علمی ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں ۔ملاقات کے دوران طلبہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ان کے مسائل کے فوری حل، قائد اعظم لائبریری کی بہتری کے لیے کیے گئے اعلانات اور نوجوانوں سے براہ راست مکالمے کے عمل کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو تعلیم دوست اور نوجوان دوست وژن کا عملی مظہر قرار دیا۔