قائد اعظم ٹرافی ، چوتھے راؤنڈ کے پہلے روز پشاور کے اسراراللہ اور معاذ صداقت کی شاندار سنچریاں

راولپنڈی۔24اکتوبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے روز پشاور کے اسراراللہ اور معاذ صداقت نے شاندار سنچریاں اسکور کیں جبکہ سیالکوٹ کے اذان اویس 99 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پی سی بی کے مطابق پشاور نے ایبٹ آباد کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے۔ اسراراللہ نے 117 اور معاذ صداقت …

راولپنڈی۔24اکتوبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے روز پشاور کے اسراراللہ اور معاذ صداقت نے شاندار سنچریاں اسکور کیں جبکہ سیالکوٹ کے اذان اویس 99 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پی سی بی کے مطابق پشاور نے ایبٹ آباد کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے۔ اسراراللہ نے 117 اور معاذ صداقت نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان تیسری وکٹ میں 213 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ شعیب اختر اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز بنا لئے۔ عاشر محمود نے 73 اور محمد ولید نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اذان اویس 99 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

کراچی بلوز نے لاہور وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا لئے۔ رمیز عزیز 77 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ عمیر بن یوسف 73 اور دانش عزیز 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ بہاولپور نے ملتان کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 276 رنز بنا لیے۔ سعد خان نے 74 اور محمد عمار نے 71 رنز بنائے جبکہ محمد شہریار 50 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ فاٹا کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ریحان آفریدی 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ آفاق آفریدی اور جہانداد خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد نے کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 127 رنز بنا لیے۔ حسن رضا 59 اور فہم الحق 49 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔