راولپنڈی۔2نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں فیصل آباد اور سیالکوٹ نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔ ی ٹیموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کر لیں۔ فاٹا اور اسلام آباد کا میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔ پی سی بی کے مطابق شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فیصل آباد نے پشاور کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پشاور کی ٹیم دوسری اننگز …
قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں فیصل آباد اور سیالکوٹ نے اپنے اپنے میچ جیت لیے
راولپنڈی۔2نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں فیصل آباد اور سیالکوٹ نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔ ی ٹیموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کر لیں۔ فاٹا اور اسلام آباد کا میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔ پی سی بی کے مطابق شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فیصل آباد نے پشاور کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، افتخار احمد نے 61 رنز بنائے جبکہ فیصل آباد کے آفاق آفریدی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد نے 164 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عتیق الرحمن نے 65 اور عاصم علی ناصر نے ناقابل شکست 62 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے فہم الحق کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ڈائمنڈ گراؤنڈ میں سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ایبٹ آباد کی ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 342 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شاہ زیب خان نے 131 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ خالد عثمان نے 83 رنز بنائے۔ محمد علی اور حسن علی نے تین ، تین جبکہ محمد حسنین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ نے 49 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد حسنین کو میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا اور اسلام آباد کا میچ ڈرا ہو گیا۔ فاٹا نے دوسری اننگز میں 378 رنز بنائے، خوشدل شاہ نے شاندار 159 اور محمد سرور نے 89 رنز اسکور کیے۔ کلیم دل اور موسیٰ خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلام آباد نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ حمزہ وحید 76 اور شامل حسین 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار بیٹنگ کارکردگی پر خوشدل شاہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔









