قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقائیف نے صدارتی فرمان کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ ملک کی نئی قائم ہونے والی یک ایوانی پارلیمان ’’قورولتائی‘‘ کے انتخابات رواں سال 23 اگست کو منعقد ہوں گے۔
قازقستان میں پارلیمانی انتخابات 23 اگست کو ہوں گے

مزید خبریں
آستانا۔2جولائی (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقائیف نے صدارتی فرمان کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ ملک کی نئی قائم ہونے والی یک ایوانی پارلیمان ’’قورولتائی‘‘ کے انتخابات رواں سال 23 اگست کو منعقد ہوں گے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق صدارتی پریس سروس کی جانب سے گزشتہ روز جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ قازقستان کی قورولتائی کے اراکین کے انتخابات 23 اگست کو کرائے جائیں گے۔ فرمان میں کہا گیا کہ قازقستان کے مرکزی الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد اور نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ حکومت اور علاقائی حکام کو انتخابی عمل کے لیے تمام ضروری انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ فرمان جاری ہوتے ہی نافذ العمل ہو گیا۔ نئی یک ایوانی پارلیمان یکم جولائی سے نافذ ہونے والے نئے آئین کے تحت قائم کی گئی ہے۔ اس آئین کے ذریعے قازقستان کے سابقہ دو ایوانی پارلیمانی نظام کو ختم کر کے 145 نشستوں پر مشتمل یک ایوانی پارلیمان تشکیل دی گئی ہے، جس کے اراکین کی مدتِ رکنیت پانچ سال ہوگی۔ نئے انتخابی نظام کے تحت تمام ارکان کا انتخاب سیاسی جماعتوں کی پارٹی لسٹوں کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ سابقہ نظام میں جماعتی فہرستوں کے ساتھ ساتھ انفرادی حلقوں (سنگل مینڈیٹ) سے بھی نمائندے منتخب ہوتے تھے۔ نئے آئین کے مطابق انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد 30 دن کے اندر قورولتائی کا پہلا اجلاس منعقد کرنا لازمی ہوگا۔ پارلیمان کے قیام کے بعد ملک میں نائب صدر کی تقرری بھی ممکن ہوگی، جس کے لیے صدر کی نامزد کردہ شخصیت کی منظوری پارلیمان دے گی۔ اس کے علاوہ نئے آئین کے تحت، نئی منتخب پارلیمان کے سامنے موجودہ حکومت مستعفی ہوگی، جس کے بعد ارکانِ پارلیمان سے مشاورت کے ذریعے نئے وزیراعظم کا تقرر کیا جائے گا۔








