وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی حکومت کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی حکومت کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت برائے پاور عبد الرحمٰن خان کانجو اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہٰ برکی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔