وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن نے منگل کوان کے دفتر میں ملاقات کی۔
قازقستان کے سفیر کی وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات، ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن نے منگل کوان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ قازق سفیر نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے آئندہ دورۂ آستانہ سے قبل مشترکہ ثقافتی پروگراموں کی ریہرسل کے لیے پاکستانی ثقافتی وفد بھجوانے کی درخواست کی۔ یہ وفد وزیرِ اعظم کی آمد پر استقبالیہ تقریب میں موسیقی کا مظاہرہ پیش کرے گا۔ملاقات میں پنجاب سے ایم پی اے جہانزیب خان کچھی بھی موجود تھے۔سفیر نے بتایا کہ یہ دورہ قازقستان کے صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کا تسلسل ہو گا جس کے دوران انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان کو آستانہ آنے کی دعوت دی تھی۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ گلوکاروں اور قوالوں پر مشتمل ایک ثقافتی وفد قازقستان بھیجا جائے گا، اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قوال اس موقع پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، اسد رحمان گیلانی نے اس موقع پر بتایا کہ وزیر کی ہدایات کے مطابق پاکستان مختلف ممالک میں گندھارا اور موہنجو داڑو جیسی قدیم تہذیبوں کی نمائندگی کرنے والے فنِ تعمیر اور دستکاری کو اجاگر کر رہا ہے، اور ضرورت کے مطابق آستانہ میں بھی اس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔سفیر نے مزید آگاہ کیا کہ باہمی مشاورت کے تحت اسلام آباد میں “سنٹر فار میوزیکل انسٹرومنٹس” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کی درخواست پر اس مرکز کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں قائم کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ اس کی باقاعدہ منظوری وزارت کے آئندہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں لی جائے گی۔جاری تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں تعاون کو پہلے ہی فروغ دیا جا چکا ہے جبکہ اب ثقافتی شعبے پر مزید توجہ دی جائے گی۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے طے شدہ روڈ میپ کے مطابق ثقافتی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافت کے شعبے میں طے پانے والے مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔سفیر نے لاہور میوزیم اور نیشنل میوزیم کراچی کے دورے میں بھی دلچسپی ظاہر کی، جہاں دونوں ممالک کے ماہرین مشترکہ طور پر آستانہ میں منعقد ہونے والی نمائش کے لیے نوادرات کا انتخاب کریں گے۔ وزیر نے اس ضمن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے دوران سفیر نے وفاقی وزیر کو آستانہ کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ وفاقی وزیر نے بھی قازقستان کے ثقافتی وفد کو پاکستان آنے اور اپنی موسیقی و رقص کی روایتی پرفارمنس پیش کرنے کی دعوت دی، اور بتایا کہ ترکی، تاجکستان اور دیگر ممالک کے ثقافتی وفود بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ثقافتی تبادلے دوطرفہ تعاون کا ایک اہم ستون ہیں، اور حکومتِ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔








