اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):قاضی ایجوکیشن سسٹم فضل آباد کے 38 رکنی طلبہ کے وفد نے 10 فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے خوش آمدید کہا۔ مطالعاتی دورے کے دوران وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں طلبہ کو سینیٹ کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور پاکستان کے پارلیمانی …
قاضی ایجوکیشن سسٹم فضل آباد کے طلبہ و فیکلٹی ممبران کا پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):قاضی ایجوکیشن سسٹم فضل آباد کے 38 رکنی طلبہ کے وفد نے 10 فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے خوش آمدید کہا۔
مطالعاتی دورے کے دوران وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں طلبہ کو سینیٹ کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل، سینیٹ کی آئینی ذمہ داریوں اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
سینیٹ میوزیم میں وفد کو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، آئینِ پاکستان کی تشکیل اور قانون سازی کے اہم مراحل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی ”گلی دستور“کا بھی دورہ کرایا گیا جو پاکستان کے آئینی سفر، اہم قومی دستاویزات اور تاریخی لمحات کی تصویری و دستاویزی شکل میں عکاسی کرتی ہے۔
بعد ازاں وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سینیٹ کے جاری اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر وفد کوسینیٹ حکام نے ایوان بالا کے کام کے طریقہ کار اور پارلیمانی روایات سے متعلق مزید معلومات فراہم کیں۔طلبہ کے وفد نے پارلیمانی نظام، جمہوری اقدار اور ایوان بالا کے موثر کردار میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس مطالعاتی دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیا۔ وفد نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام کی جانب سے فراہم کی گئی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔








