قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے کیلئے تمام ٹریفک افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

لاہور۔22مئی (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے کیلئے تمام ٹریفک افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ ترجمان کے مطابق مسافر بردار گاڑیوں میں قربانی کے جانور منتقل کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ جانوروں کو گاڑیوں کی چھتوں اور خطرناک انداز میں منتقل کرنا بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل کیلئے صرف مال بردار گاڑیوں کا استعمال کیا جائے اور مسافر بسوں، ویگنوں اور کوچز میں جانور لوڈ کر کے انسانی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور مویشی مالکان کو ہدایت کی کہ چند پیسوں کی بچت کیلئے قیمتی جانوروں کی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں تاکہ حادثات اور جانوروں کی ہلاکت سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران مویشیوں کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائیں جبکہ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنانے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔