قطر ایئر ویز کا دوحہ سے 29 پروازیں چلانے کا اعلان

دوحہ ۔12مارچ (اے پی پی):قطر ایئر ویز نے کہا ہے کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے عارضی اجازت ملنے کے بعد محدود پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق کمپنی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے وقتی اجازت ملنے کے بعد دوحہ سے 29 پروازیں چلائی جائیں گی ، پروازوں میں لندن، …

دوحہ ۔12مارچ (اے پی پی):قطر ایئر ویز نے کہا ہے کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے عارضی اجازت ملنے کے بعد محدود پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق کمپنی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے وقتی اجازت ملنے کے بعد دوحہ سے 29 پروازیں چلائی جائیں گی ، پروازوں میں لندن، نیویارک اور میڈرڈ کے لیے پروازیں بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی قنطاس ایئر ویز، سیکنڈے نیویا کی ایس اے ایس اور ایئر نیوزی لینڈ نے پروازوں کے کرائے میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطیٰ تنازع کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ بتائی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی قومی ایئر لائن نے کہا کہ تنازع کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کے باعث اس نے 2026 کے لیے اپنی مالی منصوبہ بندی معطل کر دی ہے۔ سکینڈے نیویا ایئرلائن سسٹم (ایس اے ایس) کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس قدر بڑے اضافے کے باعث مستحکم اور قابلِ اعتماد آپریشنز کو برقرار رکھنے کے لیے فوری کارروائی کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرایوں میں عارضی طور پر تبدیلی کی گئی ہے۔

کچھ ایشیائی اور یورپی ایئر لائنز جن میں لفتھانسا اور ریان ایئر شامل ہیں، نے ایندھن کی ہیجنگ کی ہوئی ہے، یعنی اپنے ایندھن کی کچھ مقدار مقررہ قیمت پر محفوظ کر لی ہے۔ فن ایئر نے کہا کہ اس نے پہلے کوارٹر کے ایندھن کی خریداری کا 80 فیصد ہیج کر رکھا تھا تاہم خبردار کیا کہ اگرجنگ جاری رہا تو ایندھن کی دستیابی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

آسٹریلیا کی ایئر لائن قنطاس نے کہا کہ بین الاقوامی کرایوں میں اضافے کے علاوہ وہ یورپ میں اپنی پروازیں بڑھانے پر غور کر رہی ہے تاکہ ایئر لائنز اور مسافر مشرق وسطیٰ میں ہونے والے خلل سے بچ سکیں۔ جیٹ فیول کی قیمتیں، جو امریکی-اسرائیلی حملوں سے پہلے 85 سے 90 ڈالر فی بیرل تھیں، حالیہ دنوں میں 150 سے 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔