اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) ارکان قومی اسمبلی نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی اور دھمکیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے، پاکستان کے عوام مادر وطن کے دفاع کے لئے بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کو …
قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کا اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) ارکان قومی اسمبلی نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی اور دھمکیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے، پاکستان کے عوام مادر وطن کے دفاع کے لئے بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کو شرکت کی دعوت دینے کا کیا مقصد ہے، پاکستان کو اس پر آواز اٹھانی چاہیے اور بھارت اگر او آئی سی کے اجلاس میں شریک ہوتا ہے تو ہمیں اس اجلاس کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے، پاکستان کے عوام اور عوامی نمائندے جاگ رہے ہیں اور مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں، نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں، جہاں ملکی سالمیت کا معاملہ ہو گا، ہم تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک ساتھ کھڑے ہوں گے، بھارت نے کشمیریوں کے عملی دفاع کا موقع فراہم کر دیا ہے، اب باتوں کی بجائے عمل سے ہمیں اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ منگل کو ایوان زیریں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے سید اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ایل او کی خلاف ورزی اور جارحیت دو مختلف چیزیں ہیں، بھارتی وزیراعظم انتخابات کےلئے مہم چلا رہے ہیں، ہمیں اس طرح کا کام نہیں کرنا چاہیے کہ نریندر مودی کو اس کا فائدہ ہو، ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا مسئلہ کا حل نہیں، ہمیں دیکھنا چاہیے کہ او آئی سی نے پلوامہ واقعہ سے پہلے بھارت کو شرکت کی دعوت دی دی تھی یا بعد میں دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی کھلے عام نہیں ہوتی، وہ مخصوص شخصیات اور راہنما کرتے ہیں، ہمیں متحد ہو کر دشمن کو یک زبان ہو کر جواب دینا ہو گا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ پارلیمنٹ نے قومی سلامتی کے معاملے پر مکمل اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے، اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے جہاں ملکی سلامتی کا معاملہ ہو وہاں سیاست کی گنجائش نہیں رہتی، جماعتیں پیچھے رہ جاتی ہیں، ملک سب سے مقدم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں، علاقے کی سلامتی کو انہوں نے داﺅ پر لگا رکھا ہے۔








