قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز کی پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینئر شائستہ پرویز کی زیر صدارت اجلاس ،”ہم ہیں پاکستان” مہم، سکولوں اور یونیورسٹیوں کے لئے رہنما ایکشن پلان تیار
قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز کی پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینئر شائستہ پرویز کی زیر صدارت اجلاس ،”ہم ہیں پاکستان” مہم، سکولوں اور یونیورسٹیوں کے لئے رہنما ایکشن پلان تیار

مزید خبریں
اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز (پائیدار ترقی کے اہداف) کی پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینئر و رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں "ہم ہیں پاکستان” ایس ڈی جیز یوتھ مہم کے تحت سکولوں اور یونیورسٹیوں کے لئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری اور وفاقی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر و دیگر اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف لائحہ عمل ترتیب دینا کافی نہیں بلکہ طلبہ کو عملی طور پر فیصلہ سازی اور عملدرآمد میں شامل کرنا ہی اس مہم کی کامیابی کی کنجی ہے۔ اجلاس میں "تعلیم و عملی اقدام” کے مربوط ماڈل کی منظوری دی گئی جس کا مقصد طلبہ کو معاشرتی تبدیلی کا فعال کردار بنانا ہے۔ یہ مہم ایس ڈی جی پارلیمانی ٹاسک فورس، انٹرنیشنل گورننس اینڈ سسٹین ایبلٹی انسٹی ٹیوٹ (آئی جی-ایس آئی)، یونائیٹڈ پیس کیپرز فیڈرل کونسل (یو این پی کے ایف سی) اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے اشتراک سے چلائی جائے گی۔
یہ کوشش پاکستان کے پانچ سالہ معاشی منصوبے "اڑان پاکستان” کے تحت 5E فریم ورک (برآمدات، ای-پاکستان، ماحولیات، توانائی و انفراسٹرکچر، مساوات اور بااختیاری) کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور ایجنڈا 2030 کی جانب پاکستان کی پیشرفت میں معاون ثابت ہوگی۔شائستہ پرویز نے بتایا کہ اس مہم کے تحت طلبہ کی زیرِ قیادت ایس ڈی جی کلب، اساتذہ کیلئے تربیتی ماڈیولز اور مختلف سکولوں کے درمیان عملی منصوبوں کا انعقاد کیا جائے گا۔








