قومی اسمبلی میں بجٹ پر 32 گھنٹے بحث ہو چکی ہے ، سپیکرقومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اب تک 32 گھنٹے سے زائد بحث ہو چکی ہے جو بدھ کو مکمل ہو جائے گی، اس کے بعد اگلے دو دن کے حوالے سے کارروائی کے بارے میں ملکر طے کر لیں گے۔

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اب تک 32 گھنٹے سے زائد بحث ہو چکی ہے جو بدھ کو مکمل ہو جائے گی، اس کے بعد اگلے دو دن کے حوالے سے کارروائی کے بارے میں ملکر طے کر لیں گے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں اراکین کو بحث کے دورانیہ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے 36 اراکین نے 7 گھنٹے 42 منٹ تک بحث میں حصہ لیا ہے، 8 گھنٹے 12 منٹ باقی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے 31 ممبران نے 10 گھنٹے 5 منٹ بحث میں حصہ لیا ہے یہ اپنے وقت سے ایک گھنٹہ 10 منٹ زیادہ بولے ہیں، ایم کیو ایم کے 10 ممبران نے بحث میں حصہ لیا اور 2 گھنٹے 51 منٹ بولے ہیں جس میں انہوں نے اپنے طے شدہ وقت سے 12 منٹ زیادہ لئے ہیں۔

اپوزیشن کی بڑی جماعت (پی ٹی آئی) کے 47 ممبران 12 گھنٹے 12 منٹ بولے ہیں جو طے شدہ وقت سے 2 گھنٹے زائد ہیں۔ اسی طرح جے یو پی، ایم ڈبلیو ایم نے طے شدہ وقت سے زیادہ وقت لیا۔ قائد حزب اختلاف نے ایک گھنٹہ 16 منٹ تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بولنا چاہتی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) سے وقت لے لے۔

انہوں نے کہا کہ 32 گھنٹے 4 منٹ کی بحث ہو چکی ہے۔ آج 40 گھنٹے پورے ہو جائیں گے۔ اگلے دو دن ایوان کی کارروائی کے حوالے سے بیٹھ کر طے کر لیں گے۔ اس سے قبل چیف وہپ عامر ڈوگر کی طرف سے اٹھائے گئے نکتے کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ سال 60 گھنٹے بحث کرائی گئی تھی اور اپوزیشن کو دگنا وقت دیا گیا تھا تاہم پھر بھی اسے گلہ تھا کہ اسے مناسب وقت نہیں دیا گیا۔

مزید خبریں