قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح قابل تعریف ہے،وہاب ریاض

لاہور۔2مارچ (اے پی پی):قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں نے جس عزم اور جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا وہ قابلِ تعریف ہے اورٹیم داد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ میچ بہترین حکمت عملی کی بدولت جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ پہلے دو میچ ہم جیتتے جیتتے ہار گئے تھے۔ انہوں …

لاہور۔2مارچ (اے پی پی):قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں نے جس عزم اور جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا وہ قابلِ تعریف ہے اورٹیم داد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ میچ بہترین حکمت عملی کی بدولت جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ پہلے دو میچ ہم جیتتے جیتتے ہار گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر انہیں جیت کا یقین تھا اور اب ٹیم تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ان کے مطابق ہم جلد اپنی کمزوریوں پر قابو پا لیں گے اور مستقبل میں بہت مثبت نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔وہاب ریاض نے کہا کہ پچھلے دو میچوں میں صدف اور عائشہ کی کارکردگی متاثر کن رہی جبکہ سدرہ اور فاطمہ نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔آج کے میچ میں نجیہ کی کارکردگی نمایاں رہی اور پہلی بار تسمیہ نے جس اعتماد اور مہارت سے بولنگ کی وہ واقعی قابلِ تعریف تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی شاندار رہی،بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ہر میچ میں300 رنز بنانا ٹیم کے لیے ایک خوش آئند اشارہ ہے۔تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ فیلڈنگ کے شعبے میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ اگر ہم شروع سے اپنی غلطیوں پر قابو پا لیتے تو سیریز کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا اور ٹو ون سے ہارنے کے بجائے ہم ٹو ون سے جیت سکتے تھے۔

ٹیم سلیکشن کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ آج چار اہم کھلاڑیوں ڈیانا،منیبہ، عالیہ اور نتالیہ کو آرام دے کر بینچ اسٹرینتھ کو آزمایا گیا اور اس کے باوجود ٹیم نے300 رنز بنائے،جو ایک مثبت اشارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ٹیم بنائی جاتی ہے تو کئی عوامل کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے اور بہتر حکمت عملی ہی کامیابی کی ضمانت بنتی ہے۔

ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے انہوں ن کہا کہ ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کی تشکیل ضروری ہے اور آئندہ مزید بہتر کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ کچھ میچز میں شکست ہوئی،لیکن ٹیم نے حریف کو آسانی سے جیتنے کا موقع نہیں دیا،جو کھلاڑیوں کے عزم اور پیشہ ورانہ سوچ کا ثبوت ہے۔