قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی سپر سکس کے میچز میں نمایاں کردار ادا کرے گی،فیلڈنگ کوچ منصورامجد

راولپنڈی۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ سپر سکس مرحلے میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 27 جنوری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ آخری میچ یکم فروری کو بولاوایو میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہو گا۔ پاکستان نے گروپ سی کے میچز …

راولپنڈی۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ سپر سکس مرحلے میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 27 جنوری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ آخری میچ یکم فروری کو بولاوایو میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہو گا۔ پاکستان نے گروپ سی کے میچز میں سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ منصور امجد نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ انتہائی حوصلہ افزا رہی اور اہم مواقع پر لئے گئے کیچز نے میچز میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

منصور امجد نے بتایا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں مکمل فوکس پر مبنی فیلڈنگ کلچر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، کھلاڑی فطری طور پر باصلاحیت ہیں، تیزی سے سیکھتے ہیں اور اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری لاتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر احمد حسین کی تعریف کی جنہوں نے ورلڈ کپ، ایشیا کپ اور تین ملکی سیریز میں شاندار کیچز لیے۔ اس کے علاوہ فرحان یوسف، عثمان خان اور سمیر منہاس نے بھی عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ وکٹ کیپر حمزہ ظہور نے اہم مواقع پر شاندار کیچز پکڑے۔ فیلڈنگ کوچ نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم کی یہ محنت اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی سپر سکس کے میچز میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔