قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے سے حوصلہ ملتا ہے اور مستقبل میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے،معاذ صداقت، عمران رندھاوا

قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے سے حوصلہ ملتا ہے اور مستقبل میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے،معاذ صداقت، عمران رندھاوا

راولپنڈی۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر معاذ صداقت اور فاسٹ باؤلر محمد عمران رندھاوا نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں اپنی عمدہ کارکردگی کے حوالے سے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے سے حوصلہ ملتا ہے اور مستقبل میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل کے پروگرام میں سابق کپتان سلمان بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے معاذ صداقت نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں 146 رنز بنانے پر خوشی ہے۔ کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے بعد انہوں نے سوچا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھائیں گے۔ معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ وہ اننگز کی پہلی گیند سے ہی مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتے ہیں اور اگر گیند ان کی ہٹنگ رینج میں ہو تو جارحانہ شاٹس کھیلنے سے گریز نہیں کرتے۔

دوسری جانب فاسٹ باؤلر محمد عمران رندھاوا نے سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے اچھی لائن اور لینتھ کے ساتھ مختلف انداز کی گیندیں کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی جس سے انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں نئی گیند کے ساتھ یارکرز اور باؤنسرز کرنے پر بھی خصوصی توجہ دیں گے تاکہ اپنی باؤلنگ میں مزید بہتری لا سکیں۔

محمد عمران رندھاوا کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت کرکٹ گراؤنڈ میں گزارنے کی کوشش کرتے ہیں اور اب بھی کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں کیونکہ مسلسل کھیلنے سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور کھیل میں نکھار پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔

مزید خبریں