لاہور۔30جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخرہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کا تحفظ کیا اور اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام بلند کیا۔ سیلاب کے دنوں میں بھی پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب زدگان کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …
قوم کا فخر :افواج پاکستان نےبہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام بلند کیا،سردار سلیم حیدر خان
لاہور۔30جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخرہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کا تحفظ کیا اور اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام بلند کیا۔ سیلاب کے دنوں میں بھی پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب زدگان کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوں نے کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی کی سربراہی میں گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے28 کورس ممبران بھی شامل تھے۔گورنر پنجاب نے پاکستان کی فورسز کو ریلیف کے کاموں میں کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحریہ کے جوانوں نے سیلاب زدگان کے لیے ریلیف کے کاموں میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں میں بہت تھوڑا حصہ ہونے کے باوجود سیلاب اور زلزلہ جیسے قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا اثاثہ دہیں انہیں سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے ٹریننگ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر صرف منفی خبر کو خبر سمجھا جاتا ہے،میڈیا میں اس رحجان کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ سوشل میڈیا کو نالج کا ذریعہ بنائیں۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبوں میں ایک دوسرے کے اچھے کاموں کی شیئرنگ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کیا جائے۔گورنر نے مزید کہاکہ بطور چانسلر جامعات میں خواتین کی ہراسمنٹ اور ڈرگز کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ڈگری پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب گورنر پنجاب بنا تو بہت سے جامعات مالی بحران کا شکار تھیں۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور رینکنگ میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے ملک میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے نظام ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولیت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہو گی تو لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی اور عوام خوشحال ہوں گے۔وفد کے سربراہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے گورنر پنجاب کو کورس کے مختلف خدوخال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے گورنر پنجاب کو سونیئر بھی پیش کیا۔









