حکومت سندھ کی جانب سے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کو تین جدید فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں
لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کو تین جدید فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کردی گئیں

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):حکومت سندھ کی جانب سے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کو تین جدید فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں۔ میونسپل سٹیڈیم میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو نے فائر بریگیڈ گاڑیاں میئر لاڑکانہ کے حوالے کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو نے کہا کہ حکومت سندھ کے شکر گزار ہیں کہ لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کو تین جدید فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جو جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ان گاڑیوں کی فراہمی سے شہر میں آگ لگنے کے واقعات کے دوران فوری اور مؤثر امدادی کارروائیوں میں مدد ملے گی۔جمیل احمد سومرو نے کہا کہ لاڑکانہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ گزشتہ سال ضلع لاڑکانہ میں آگ لگنے کے 271 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ رواں سال اب تک 276 آتشزدگی کے واقعات پیش آچکے ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ہنگامی حالات میں لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بروقت کارروائیاں کرکے انسانی جانوں اور املاک کو بڑے نقصانات سے بچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122 کا عملہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور خدمات انجام دے رہا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔رکن سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ فائر ایمرجنسی سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے عملے کو ریسکیو 1122 کی جانب سے خصوصی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عملہ جدید طریقہ کار کے مطابق فوری امدادی کارروائی انجام دے سکے۔انہوں نے کہا کہ جدید فائر بریگیڈ گاڑیوں کی فراہمی اور عملے کی تربیت سے لاڑکانہ شہر میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔تقریب میں میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے افسران و عملہ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔








