لاہور، آئرن ورکشاپ میں میٹر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری،میٹر ٹیمپرنگ اور غیر قانونی استعمال کیخلاف جاری مہم کے دوران لیسکو ساوتھ سرکل کی ٹیم نے نشترکالونی سب ڈویژن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے میٹر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری پکڑ لی

لاہور۔17مئی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری،میٹر ٹیمپرنگ اور غیر قانونی استعمال کیخلاف جاری مہم کے دوران لیسکو ساوتھ سرکل کی ٹیم نے نشترکالونی سب ڈویژن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے میٹر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری پکڑ لی،کارروائی ایس ای ساوتھ محمد حسین،ایکسیئن کوٹ لکھپت امجد حسین ناگرہ کی نگرانی میں ایس ڈی او نشتر کالونی حافظ عبدالرشید نے ٹیم کے ہمراہ کی۔ترجمان لیسکو کے مطابق نشترکالونی سب ڈویژن کی ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران رحمت کالونی میں ملک محمد اعجاز کے نام پر موجود کنکشن کو چیک کیا،جہاں صارف دو فیزز (ییلو اور بلیو) پر کلپ لگا کر بجلی استعمال کر رہا تھا،جس کے باعث میٹر87 فیصد سلو پایا گیا۔بجلی آئرن ورکشاپ/فیکٹری کیلئے استعمال کی جا رہی تھی۔لیسکو ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے صارف کو57 ہزار148 یونٹس پر مشتمل ڈیٹیکشن بل جاری کیا جبکہ بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔کارروائی کے دوران مالک کے نمائندے سیف اللہ کو پولیس نے موقع سے گرفتار کر لیا۔بعد ازاں صارف کی جانب سے15 لاکھ روپے مالیت کا ڈیٹیکشن بل جمع کروا دیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری اور میٹر ٹیمپرنگ میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔