آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات2026 کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی دو نشستوں ایل اے-34 جموں-I اور ایل اے-41 ویلی کے لیے لاہور اور گردونواح میں مقیم کشمیری مہاجرین اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔
لاہور، آزاد کشمیر انتخابات ، ایل اے-34 جموں-I اور ایل اے-41 ویلی میں9 امیدوار مدمقابل

مزید خبریں
لاہور۔2اگست (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات2026 کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی دو نشستوں ایل اے-34 جموں-I اور ایل اے-41 ویلی کے لیے لاہور اور گردونواح میں مقیم کشمیری مہاجرین اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ایل اے-34 جموں-I کے لیے لاہور میں15 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں ایک مردانہ، ایک زنانہ اور 13 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد5 ہزار965 ہے، جن میں3 ہزار175 مرد اور2 ہزار790 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر30 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
اس نشست پر17 امیدوار مدمقابل ہیں، جن میں استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ (عقاب)، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقادر چوہان (تیر)جماعت اسلامی کے راجہ محمد سہیل (ترازو) اور مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار (شیر) نمایاں ہیں۔ ایل اے-41 ویلی کی نشست کے لیے مجموعی طور پر6 ہزار410 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں لاہور کے5 ہزار 708، شیخوپورہ کے 583، ننکانہ صاحب کے 117 اور قصور کے2 ووٹر شامل ہیں۔ اس حلقے میں19 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں13 لاہور،4 شیخوپورہ جبکہ ننکانہ صاحب اور قصور میں ایک، ایک پولنگ سٹیشن شامل ہے۔
قصور میں صرف دو رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے بھی مکمل پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ ایل اے-41 میں9 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ اور تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار صبا دیوان ، پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام عباس میر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سعید احمد دار بھی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 1947 میں تقسیمِ برصغیر کے بعد آزاد کشمیر سے ہجرت کرکے پاکستان میں آباد ہونے والے کشمیری مہاجرین کے لیے قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر انتخابات منعقد کیے جاتے ہیں۔








