لاہور، پہلی نیشنل جونیئر شطرنج چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):لاہور میں پہلی نیشنل جونیئر شطرنج چیمپئن شپ2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ٹورنامنٹ کے پہلے روز ٹرینیٹی اسکول لاہور میں انتہائی جوش و خروش اور مسابقتی ماحول میں تین راونڈز کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے پہلے دن شرکت کی،جن میں مختلف صوبوں، اسکولوں، کالجوں اور منسلک شطرنج کلبوں کے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔مقابلوں کے آغاز سے ہی اعلیٰ …

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):لاہور میں پہلی نیشنل جونیئر شطرنج چیمپئن شپ2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ٹورنامنٹ کے پہلے روز ٹرینیٹی اسکول لاہور میں انتہائی جوش و خروش اور مسابقتی ماحول میں تین راونڈز کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے پہلے دن شرکت کی،جن میں مختلف صوبوں، اسکولوں، کالجوں اور منسلک شطرنج کلبوں کے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔مقابلوں کے آغاز سے ہی اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے میں آیا،جہاں کئی میچز نہایت سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے مہارت، نظم و ضبط اور کھیلوں کے اعلی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

یہ ایونٹ شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نچلی سطح پر شطرنج کے فروغ کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے جونیئر کھلاڑیوں کی تلاش اور انہیں مستقبل میں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ٹورنامنٹ حکام نے پہلے دن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے بروقت شروع ہوئے،شفاف کھیل کو یقینی بنایا گیا اور مقام پر بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔والدین، کوچز اور شطرنج سے وابستہ افراد نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فراہم کیے گئے پیشہ ورانہ ماحول کو سراہا۔تین راونڈز مکمل ہونے کے بعد مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے

اور آئندہ دنوں میں مزید سخت اور سنسنی خیز مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید راونڈز کھیلے جائیں گے،جہاں کھلاڑی قومی اعزاز کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔نیشنل جونیئر شطرنج چیمپئن شپ کل9 جنوری تک جاری رہے گی جبکہ ٹورنامنٹ کی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹس جاری کی جاتی رہیں گی۔

 

مزید خبریں