ہاکی ٹیسٹ سیریز،قومی ٹیم نے جنوبی کوریا کو دوسرے میچ میں 1-3 گولز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

"پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری پاکستان-کوریا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):قومی ٹیم نے جنوبی کوریا کو ہاکی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گولز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

 

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-3 گولز سے ہرا دیا۔ میچ کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا۔ میچ کے اختتام پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی اور کامیاب انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔انکے ہمراہ ڈی جی پی ایس بی سپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ہاکی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے 30 ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی سن ڈین نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 گول کی برتری دلائی تاہم تین منٹ بعد ہی پاکستان کے عبدالرحمن نے شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1گول سے برابر کر دیا،اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی، پاکستان ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود نے میچ کے 52 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے خوبصورت گول کر کے ٹیم کو 1-2 گولز کی برتری دلائی جبکہ میچ کے آخری منٹ میں کپتان ابوبکر محمود نے ایک بار پھر پینلٹی کارنرپر گول کر کے ٹیم کی برتری 1-3 گولز کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ شاندار کارکردگی اور 2 اہم گول سکور کرنے پر قومی ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آج کے میچ کو فہد علی خان اور اسد عباس نے سپروائز کیا جبکہ ریزرو ایمپائر محمد ساجد رضا اورویڈیو ایمپائر ہارون رشید تھے ،سکورنگ جج عدنان شہزاد ،ٹائمنگ جج محبوب جاوید، ٹیکنیکل آفیشل حمزہ طفیل تھے۔ ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ محمد شفیق، ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی، میڈیا کو آرڈینیٹر محمد وقاص شیخ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ،چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک کے علاوہ دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

مزید خبریں