سپیکرایاز صادق کا شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی شہید کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے میجر حافظ احسان الٰہی شہید کی جراءت و بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری اور فرض شناسی کی لازوال مثال قائم کی،قوم میجر حافظ احسان الٰہی شہید کی جرات و بہادری کو ہمیشہ یاد رکھےگی۔سپیکر قومی اسمبلی نے میجر حافظ احسان الٰہی شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ ستائش ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سپیکر سردار ایاز صادق نے میجر حافظ احسان الٰہی شہید کے درجات بلندی اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔